اسلام آباد میں ناقص معیار کے ساتھ چلنے والےکلینکس، اسپتالوں اورلیبارٹریزکے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔اسلام آباد ہیلتھ کیئرریگولیٹری اتھارٹی (آئی ایچ آر اے ) نے 6 کلینک،اسپتال اور لیبارٹریاں سِیل کردیں اور7 کو کام کرنے سے روک دیا جبکہ 10 کو نوٹس بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں زائد المعیاد اشیاء اورغیر معیاری خدمات دینے والے طبی مراکز کے خلاف کارروائیوں کو تیز کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہیلتھ کیئرریگولیٹری اتھارٹی نے مختلف علاقوں میں 37 نجی علاج گاہوں کا معائنہ کیا گیا اور6 سیل کردیئے گئے۔7 کی سروسزمعطل اور 10 کو سخت کارروائی کے انتباہ کا نوٹس جاری کردیا گیا۔
سماء سے بات کرتے ہوئے ترجمان آئی ایچ آر اے مریم صدیقہ نے بتایا کہ ان مراکز میں کوالیفائیڈ اسٹاف موجود نہیں تھا اس لیے ان کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔
آئی ایچ آر اے کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ انتظامیہ کی ہدایات و احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے صحت عامہ کے ضامن ہرگز نہیں ہوسکتے۔
اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کو رجسٹریشن کیلئے 857 ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کی درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 492 کی عارضی رجسٹریشن کی گئی تھی۔