آئی ایم ایف چاہتا ہے ملکی معیشت کی رفتار سست کی جائے، وزیر خزانہ

آئی ایم ایف سے مذاکرات کے آخری مرحلے پر دوحہ جارہا ہوں، مفتاح اسماعیل/ فائل فوٹو

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف چاہتا ہے مہنگائی کم کرنے کے لیے ملکی معیشت کی رفتار کو سست کیا جائے، اس کے لیے ہمیں شرح سود بڑھانا ہوگی۔

کراچی آمد پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آئی ایم ایف سے کیے گئے عمران خان اور شوکت ترین کے معاہدے کے تحت آج قیمت بڑھائی تو ڈیزل ڈیڑھ سو روپے اور پیٹرول سو روپے مہنگا ہوجائے گا۔

آئی ایم ایف سے معاملات طے کر کے اچھی خبر لے کر آؤں گا

وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے آخری مرحلے پر دوحہ جارہا ہوں، قوم کو کہتا ہوں آئی ایم ایف سے معاملات طے کر کے اچھی خبر لے کر آؤں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں آنے سے پہلے تیرہ سو ارب روپے کے خسارے کا تخمینہ تھا، شوکت ترین نے غلط بیانی کی، بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی سبسڈی کی مد میں کوئی رقم چھوڑ کر نہیں گئے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہم ڈیڑھ ماہ تک سبسڈیز کو آگے لے کر چلیں گے، شوکت ترین بتا دیں کہاں پیسے چھوڑ کر گئے تھے، آپ کوئی پیسے چھوڑ کر نہیں گئے۔

عمران خان کا لانگ مارچ فرح گوگی کو بچانے کے لیے ہے

انہوں نے عمران خان کے لانگ مارچ کے اعلان پر ردّ عمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان دس ہزار لوگ بھی اسلام آباد نہیں لاسکتے، پچھلی مرتبہ ان کے دھرنے میں 400 لوگ ہوتے تھے، باقی طاہرالقادری کے لوگ ہوتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ہر دور میں پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالتے ہیں، وہ ہمیشہ ذاتی مفاد کو ملکی مفاد پر ترجیح دیتے ہیں، ان کا لانگ مارچ فرح گوگی کو بچانے کے لیے ہے، سابق وزیر اعظم دھرنا اور سیاست کررہے ہیں، اس سے ملک کو نقصان ہوگا۔

انہوں نے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ہم ایل این جی کے طویل مدتی معاہدے کر کے گئے تھے، آج عمران خان کی وجہ سے پاکستان میں ایندھن، ایل این جی اور کوئلے کی کمی ہے، یہ بات درست ہے کہ ملک میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ ہے، کراچی میں صنعتوں میں بھی گیس کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، پچھلی حکومت نے نئے ٹرمنلز نہیں لگائے اور ایندھن بھی نہیں خریدا۔

عمران خان نے کیوں چینی اور آٹا سستا نہیں دیا؟

وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف اس لیے آئے کہ ٹماٹر اور آٹے کی قیمت پر نظر رکھیں گے، ان کے آنے کے بعد ملک میں چینی کی قیمت 70 روپے سے نیچے آئی ہے اور ہم آٹا بھی سستا دے رہے ہیں،  شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام قیمتوں میں اضافے کے متحمل نہیں ہوسکتے، عمران خان نے کیوں چینی اور آٹا سستا نہیں دیا؟ آج ہمیں گندم امپورٹ کرنی پڑ رہی ہے۔

مفتاح اسماعیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ بزدار صاحب نے سیمنٹ فیکٹری کے 16 لائسنس بیچے ہیں، جبکہ شہباز شریف نے دس سال میں سیمنٹ فیکٹری کا ایک لائسنس بھی نہیں دیا۔

عمران خان کبھی ملک کیساتھ مخلص نہیں ہوسکتا

انہوں نے کہا کہ 2014 کے دھرنے میں عمران خان نے چینی صدر کا دورہ منسوخ کرایا، ان کی حکومت ہر طرف بارودی سرنگیں بچھا کر گئی ہے، ملکی معیشت تباہ کرنے والا عمران خان کبھی ملک کیساتھ مخلص نہیں ہوسکتا۔




Source link

About Daily Multan

Check Also

واپسی کیلئے کسی لیگی رہنما کی اجازت نہیں چاہیے، نوازشریف کا حکم کافی ہے، اسحاق ڈار

اسحاق ڈار – فوٹو: فائل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ …

Leave a Reply

Your email address will not be published.