لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 لاہور کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے امیدوار چوہدری اسلم گل نے صرف 61 پولنگ سٹیشنز پر ہی اتنے ووٹ حاصل کرلیے ہیں جتنے وہ عام انتخابات 2018 میں مجموعی طور پر بھی نہیں لے پائے تھے۔
این اے 133 کے 254 پولنگ سٹیشنز میں سے اب تک 61 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہوچکے ہیں جن کے مطابق مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز ملک 8779 ووٹوں کے ساتھ پہلے جب کہ پی پی پی کے اسلم گل 6750 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
خیال رہے کہ سنہ 2018 کے عام انتخابات میں بھی چوہدری اسلم گل ہی اس حلقے سے پی پی پی کے امیدوار تھے اور 5585 ووٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر آئے تھے۔ یہ نشست مسلم لیگ ن کے پرویز ملک نے 89 ہزار 678 ووٹ لے کر جیتی تھی۔ ان کے انتقال کے بعد یہاں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں اور ان کی بیوہ مسلم لیگ ن کی امیدوار ہیں۔