لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) لاہور میں ٹریفک وارڈن کی بغیر لائسنس گاڑی چلانے اور ون وے کی خلاف ورزی کرنےوالوں کیخلاف مہم جاری ہے ، آج ٹریفک وارڈن نے دولہے کی گاڑی کا بھی چالان کر دیا۔
چونگی امرسدھو کا رہائشی آج اپنی بارات کیلئے خود گاڑی چلا کر جا رہا تھا کہ ماڈل ٹاؤن سیکٹر میں ٹریفک وارڈن نےدولہے کی گاڑی کو روکا اور لائسنس طلب کیا جس پر دولہے نے ٹریفک وارڈن کو بتایا کہ اس کا لائسنس عجلت میں گھر رہ گیا ہے ، بارات کیساتھ موجود دیگر افراد نے بھی ٹریفک واردن کی منت سماجت کی کہ بارات پہلے ہی تاخیر کا شکار ہے لہذا وارننگ دیکر چھوڑ دیا جائے ۔
ٹریفک وارڈن نے کسی کی منت سماجت قبول نہیں کی اور دلہے میاں کو دو ہزار روپے کا چالان تھما دیا ۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے بغیر ڈرائیورنگ لائسنس گاڑی چلانےوالوں اور ون وے کی خلاف ورزی کرنےوالوں کیلئے دو ہزار روپے جرمانہ کرنے کا حکم صادر کر رکھا ہے ۔