لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) حجاج کرام و زائرین سعودی عرب کی حکومت کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کریں ، کسی بھی قسم کی سیاسی و فرقہ وارانہ نعرہ بازی اور منفی سرگرمیوں سے دور رہیں ، اس سال 10 لاکھ حجاج کرام حج کریں گے ، حجاج کرام کیلئے بہترین انتظامات پر سعودی عرب کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، حکومت پاکستان غرباء اور متوسط طبقے کو سبسڈی دے ،ا مراء اور نفلی حج پر سبسڈی ختم کی جائے ، یہ بات گرینڈ جامعہ مسجد بحریہ ٹائون لاہور میں ہونے والی حج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علماء و مشائخ نے کہی ، کانفرنس کی صدارت مرکزی چیئرمین پاکستان علماء کونسل و سیکریٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی ۔ کانفرنس سے علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا اسعد زکریا قاسمی ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ طاہر الحسن، علامہ زبیر عابد، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا اسعد حبیب شاہ جمالی ، مولانا عبید اللہ گورمانی ، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا محمد اسلم صدیقی، مولانا عزیز اکبر قاسمی ، مولانا سعد اللہ شفیق، مولانا عبد الغفار فاروقی ، مولانا ابو بکر حمید صابری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
کانفرنس میں حجاج کرام و زائرین کیلئے جاری کردہ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا کہ حج ایک فرض عبادت ہے جو صاحب استطاعت پر فرض ہے ، کورونا کی وبا کی وجہ سے گذشتہ دو سالوں میں بیرون ممالک سے زائرین حج کیلئے نہیں جا سکے ، اس سال سعودی عرب کی حکومت نے 10 لاکھ حجاج کرام کیلئے حج کا انتظام کیا ہے جو قابل تحسین ہے ، سعودی عرب کی حکومت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہدامیر محمد بن سلمان کی قیادت میں بہترین انتظامات کر رہی ہے ، حجاج کرام اور زائرین پر لازم ہے کہ وہ سعودی عرب کے قوانین پر مکمل عمل کریں اور کسی بھی طرح سے سعودی عرب کے قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں، سعودی عرب میں کسی بھی قسم کی سیاسی و فرقہ وارانہ سرگرمی ممنوع ہے ، حجاج کرام عبادات پر توجہ دیں ، سیاسی و فرقہ وارانہ بحث مباحثوں اور اجتماعات سے گریز کریں، قوانین کی خلاف ورزی پر نہ صرف اس شخص یا گروہ کیلئے بلکہ دیگر حجاج اور پاکستان کیلئے بھی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
اس موقع پر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ارض حرمین شریفین مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد کا مرکز ہے ، جہاں مسلمان بلا تفریق مسلک و فقہ عبادات کرتے ہیں، حج مسلمانوں کی عظمت ، وحدت اور شان کی علامت ہے، لہذا حجاج کرام حکومت پاکستان اور حکومت سعودی عرب کے ضابطہ اور قوانین کی بالکل خلاف ورزی نہ کریں۔