فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) فیصل آباد میں ایک شہری نے دوران وارنٹی گاڑی میں آنے والی خرابی دور نہ کرنے پر پاک سوزوکی موٹر کمپنی کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق اس شہری نے فیصل آباد کی ایک ڈیلرشپ سے سوزوکی آلٹو وی ایکس ایل، اے جی ایس خریدی تھی جس میں وارنٹی کے دوران ہی ایک بڑا نقص آ گیا۔
شہری کے وکیل کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا ہے کہ گاڑی خریدنے کے چار ماہ بعد اس میں ایک سنگین مکینیکل خرابی آئی جس سے گاڑی کا گیئر بدلنے میں بہت دشواری ہونے لگی، گاڑی تیل زیادہ صرف کرنے لگی اور پوری گاڑی میں وائبریشن ہونے لگی۔
وکیل کے مطابق گاڑی میں یہ مسئلہ آنے پر شہری جھنگ میں اپنی قریبی سوزوکی ورکشاپ پر گاڑی لے گیا جہاں اسے بتایاگیا کہ گاڑی کا گیئر بکس تبدیل ہو گا جس پر 7لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ شہری نے انہیں وارنٹی کارڈ دکھایا لیکن ورکشاپ والوں نے اسے تسلیم کرنے اور گاڑی کا نقص دور کرنے سے انکار کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق اس کے بعد شہری لاہور سمیت کئی شہروں کی متعدد سوزوکی ڈیلرشپس پر گاڑی کو لے کر گیا لیکن کسی نے بھی وارنٹی کے تحت اسے ٹھیک نہ کیا، جس پر مجبور ہو کر شہری نے سوزوکی کمپنی اور اس کی ڈیلرشپ کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ عدالت کی طرف سے کمپنی کو شہری کے ساتھ مصالحت کے لیے 18جون 2022ءتک کی ڈیڈلائن دی گئی ہے۔ سوزوکی کمپنی کی طرف سے تاحال اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔