لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے شیخ رشید کو گرفتار کرنا اور میڈیا پر شراب کی بوتلیں دکھانا قابل مذمت ہے ، اس عمل کی کسی صورت بھی تعریف نہیں کی جاسکتی ۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری ، شہباز گل ، اعظم سواتی اور شیخ رشیدکو جس طرح گرفتار کیا گیا ہے اس کے نتائج حکومت کے حق میں نہیں ہوں گے ، اکثر اقتدار سے الگ ہونے کے بعداس طرح کے اقدامات پر معافیاں بھی مانگنی پڑتی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو ان گرفتاریوں کا نوٹس لینا چاہیے تاکہ ہم انہیں اس کٹہرے میں نہ کھڑا کریں جس میں عمران خان کو کھڑا کیا جاتا ہے ۔ ن لیگ کی اندرونی سیاست سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے سینئر صحافی کاکہنا تھا کہ ن لیگ کی داخلی سیاست بے قابو ہوتی جارہی ہے ، میاں نواز شریف اور میاں شہبازشریف کو فوری طور پر اقدامات اٹھانا ہوں گے ورنہ پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا ۔