لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمرہ ادائیگی کیلئے پاسپورٹ واپسی کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی ، لاہور لائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے کیس پر سماعت سے معذرت کر لی ۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز کی عمرہ ادائیگی کی اجازت اور پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر جسٹس انوار الحق پنوں اور جسٹس شہباز علی رضوی پر مشتمل بینچ نے سماعت کرنا تھی ، آج بینچ نے ریمارکس دیے کہ مریم نواز کے کیس کی سماعت جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل بینچ نے کی تھی لہذا بہتر ہے وہی بینچ مریم کی اس درخوست کی بھی سماعت کرے ۔
بینچ کی جانب سے مریم نواز کا کیس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو واپس بھجوا دیا گیا ، دو رکنی بینچ نے مریم نواز کے کیس کو متعلقہ بنچ کو بھجوانے کی سفارش کر دی۔
خیال رہے کہ مریم نواز نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ عدالتی حکم پر پاسپورٹ سرنڈر کر رکھا ہے، عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانا چاہتی ہوں لہذا پاسپورٹ واپس کرتے ہوئے عمرے کی ادائیگی کے لیے جانے کی اجازت دی جائے۔یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو پاسپورٹ سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔