لاہور (آئی این پی) مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ اداکارہ نوشین شاہ مریم نواز کا نام محض اپنی مشہوری کے لیے لے رہی ہیں۔
گزشتہ دنوں نوشین شاہ نے مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز بننا مزے کی بات ہے، اٹھو ، اپنے شوہر کو نظر انداز کرو، اپنے والد کے غلاموں کے پروٹوکول میں جا، فضولیات کہو، زور زور سے چیخ کر بے نظیر بننے کی کوشش کرو اور سوجا۔تاہم اب حنا پرویز مریم نواز کی حمایت میں سامنے آئیں اور انہوں نے نوشین شاہ کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔
حنا پرویز بٹ نے اپنی ٹوئٹ میں نوشین شاہ کے انداز میں ہی کہا کہ نوشین شاہ ہونا حقیقتاً ایک مذاق ہے، اٹھو، چیخو، کسی تنازع میں گھرے رہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بے روزگار خاتون خود ایک لطیفہ ہیں، اس خاتون کو تو شاید گھر والے بھی نہ پہچانتے ہوں، مریم بی بی کا نام لے کر مشہور ہونا چاہتی ہے، چلو بیچاری کو شاید کوئی روزگار مل ہی جائے۔