وزیراعظم شہباز شریف اور ولی عہد ابوظہبی کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

بشکریہ فیس بک

وزیراعظم شہباز شریف کی ولی عہد ابوظہبی شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی مشاورت کی۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ابوظہبی میں ملاقات کی۔

وزیراعظم سعودی عرب کے اپنے دورے کے اختتام پر شام میں ابوظہبی پہنچے تھے، کابینہ کے کلیدی ارکان اور اعلیٰ حکام بھی ملاقات کے دوران ان کے ہمراہ تھے۔

ولی عہد نے جناب شہبازشریف کو وزیراعظم پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارک پیش کی اور ان ذمہ داریوں میں عظیم کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، انہوں نے پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوش حالی کے لئے خیرسگالی اور نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے متعد دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی مشاورت کی۔

وزیراعظم نے ’یو اے ای‘ کے بانی اور پہلے صدر شیخ زاید بن سلطان النہیان کی بصیرت افروز قیادت اور پاکستان اور ’یو اے ای‘ کی دوستی کی مضبوط بنیاد پر قائم کرنے کی کاوشوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی بصیرت کی روشن میں دونوں ممالک کے باہمی مفاد میں تعلقات کو مزید پختہ اور مضبوط بنانے کے اپنی حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔

’یو اے ای‘ کی تاریخ ساز ترقی اور تیز ترین اولین پچاس سال کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے ’یو اے ای‘ کی قیادت اور عوام کو مبارک پیش کی اور آنے والی دہائیوں میں مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے دبئی عالمی نمائش 2020 کے کامیاب انعقاد پر ’یو اے ای‘ کی قیادت اور نمائش منعقد کرنے والی ٹیم کو مبارک دی جو بھرپور اور شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے دوطرفہ سطح اور عالمی فورمز پر پاکستان کی دیرینہ اور بھرپور حمایت پر ’یو اے ای‘ کو خراج تحسین پیش کیا، وزیراعظم نے خاص طور پر ’یو اے ای‘، پاکستان اعانت پروگرام کے تحت پاکستان میں انسانی خدمت و فلاح کے منصوبہ جات شروع کرنے اور کورونا عالمی وباء کے دوران ’یو اے ای‘ کی طرف سے فراہم کردہ کلیدی امداد کی تحسین کی۔

انہوں نے 1اعشاریہ 7 ملین پاکستانیوں کی عزت و وقار کے ساتھ میزبانی کرنے پر ’یواےای‘ کا شکریہ ادا کیا جو پاکستان اور ’یو اے ای‘ کے درمیان نہ صرف پُل کا کردار ادا کررہے ہیں بلکہ پاکستان کا فخر بھی ہیں۔

شیخ محمد زاید النہیان کے پوری دنیا سے پولیو ختم کرنے کے نیک اقدام کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے اس موذی مرض کے خاتمے کے لئے عالمی کوششوں کی بھرپور حمایت میں متحدہ عرب امارات کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔

مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے سرمایہ کاری، معاشی ترقی، توانائی، ڈھانچے اور زراعت کے شعبوں میں شراکت داریاں تشکیل دینے اور تعاون تیز کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

ولی عہد نے دنوں ممالک کی آنے والی نسلوں کے مفاد میں قریبی دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے موثر کاوشیں کرنے سے متعلق وزیراعظم کو یقین دلایا۔

انہوں نے ’یو اے ای‘ میں رہائش پذیر پاکستانیوں کی جانب سے ’یو اے ای‘ کی تعمیر وترقی میں تعمیری کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستانی اُس وقت یہاں تھے جب دوسرے باشندوں کی یہاں محدود موجودگی اور کاوشیں تھیں۔

ان کاکہنا تھا کہ پاکستان اور ’یو اے ای‘ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ایک دوسرے کی مدد جاری رکھیں گے، انہوں نے عوامی فلاح کے لئے دونوں برادر اقوام کے درمیان رابطوں کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا، باہمی مفاد کے تمام امور اور اقوام متحدہ، ’او آئی سی‘ سمیت کثیرالاقومی فورمز پر اشتراک عمل سے موقف اختیار کرنے کے لئے مستقل رابطہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی اعتماد، ہم آہنگی اور قریبی تعاون پر مبنی تاریخی دیرینہ برادرانہ تعلقات استوار ہیں، رواں ماہ وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کا متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ ہے۔




Source link

About Daily Multan

Check Also

بجلی صارف کو ساڑھے 13 کروڑ روپے سے زائد کا بل موصول

پاکستان میں ایک بجلی صارف کو 13 کروڑ 69 لاکھ 70 ہزار 935 روپے کا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *