لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) آئی جی ریلوے پولیس نے کہا ہے کہ زکریا ایکسپریس میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے کیس میں تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جن کا ڈی این اے کرایا جائےگا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ریلوے پولیس فیصل شاہکار نے بتایا کہ خاتون سے مبینہ زیادتی کے کیس میں 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری ایک چیلنج تھا، وہ گرفتاری سے بچنے کے لیے چھپ گئے تھے اور 2 ملزمان نے اپنے فون بند کرلیے تھے۔انہوں نے کہا کہ واقعے کی ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور گرفتار ملزمان کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا۔
آئی جی ریلوے کا کہنا تھا کہ جس ٹرین میں واقعہ پیش آیا اس کو نجی کمپنی چلارہی تھی، ٹرین میں نجی کمپنی کا عملہ ڈیوٹی انجام دے رہا تھا، کمپنی کو عملے کی تعیناتی سے پہلے اس کا بیک گراو¿نڈ چیک کرنا چاہیے تھا، واقعے پرٹرین کمپنی کے مالک کے خلاف انتظامی اورکرمنل کارروائی کی جائے گی جب کہ ٹرین کمپنی کو شوکاز نوٹس کرکے کنٹریکٹ کو منسوخ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خاتون ملتان میں اپنے شوہرسے ملنے آئی تھی، بچے نہ لانے پرخاتون کی اپنے شوہر کے ساتھ چپقلش ہوئی تھی، خاتون بغیرٹکٹ کے ٹرین میں بیٹھ گئی تھی اور اس نے ٹرین میں ٹکٹ لی، ٹکٹ چیکرخاتون کو اے سی سیٹ دینے کے بہانے اپنے ساتھ لے گیا، متاثرہ خاتون نے تین ملزمان کا ذکرکیا ہے جس میں دو ملزمان نامزد ہیں۔فیصل شاہکار کا کہنا تھاکہ کیس کراچی ریجن کا ہے اور ملزمان کوعدالت میں پیش کیا جائے گا۔