لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر کھل کر بول پڑے اور کہا کہ عمران خان اشارہ کریں ، پنجاب اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سے سپیکر صوبائی اسمبلی سبطین خان نے ملاقات کی ، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور تفصیلی مشاورت کی گئی ، دونوں رہنماؤں نے اپوزیشن کے غیر آئینی ہتھکنڈوں سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ، ہم جس کا ساتھ دیتے ہیں تو بھرپور نبھاتے ہیں ، پنجاب اسمبلی کی تحلیل کیلئے عمران خان کے اشارے کے منتظر ہیں ، عمران خان جیسا لیڈر مدتوں میں ملتا ہے ، وہ قوم کے حقیقی لیڈر ہیں۔
پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ اپوزیشن والوں کے نمبر کم ہیں مگر وہ باتیں زیادہ کر رہے ہیں ، عدم اعتماد اور گورنر راج کی باتیں محض گیدڑ بھبھکیاں ثابت ہوں گی ۔ 27 کلو میٹر کے وزیر اعظم کے پاؤں کے تلے سے زمین سرک چکی ہے ۔
اس موقع پر سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا کہ غلط فہمیاں پیدا کرنے والے ہمیشہ کی طرح ناکام ہوں گے ، وزارت اعلیٰ اور پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے ۔
سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں سب متفق اور متحد ہیں، کپتان ہی ہمارےلیڈر تھے ، ہیں اور رہیں گے ۔