لاہور (جاوید اقبال ،شہزاد ملک )پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن )سے اس کے اتحادیوں نے 10 حلقے مانگ لیے۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ (ن )کے وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کو ووٹ دینے پر 20 ارکان اسمبلی الیکشن کمیشن آف پاکستان سے نااہل ہوگئے تھے خالی ہونے والی نشستوں پر جولائی میں ضمنی انتخابات کا اعلان ہوا ہے ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نے مسلم لیگ (ن) سے کہا ہے کہ مل کر ضمنی انتخاب میں حصہ لیا جائے اور ضمنی انتخاب کے لئے بھی انتخابی اتحاد کا مظاہرہ کیا جائے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ (ن )لیگ 10نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے جبکہ 8 نشستیں پیپلز پارٹی 2 نشستیں جے یو آئی کے امیدواروں کو دی جائیں مسلم لیگ (ن) ان حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے نہ کرے بلکہ اتحادی جماعتوں کے امیدواروں کی حمایت کرے ۔ذرائع کے مطابق اس پر مسلم لیگ (ن) نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان نشستوں پر حق نااہل ہونے والے اتحادیوں کا ہے جہانگیر ترین ،عبدالعلیم خان اور ان کے دیگر ساتھی امیدوار رہیں گے اور انہیں سپورٹ کریں گے اور پیپلز پارٹی کوبھی سپورٹ کرنا چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کو ان کے مقابلے میں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کرنا چاہیئں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پر تینوں بڑی اتحادی جماعتوں میں آئندہ ہفتے بات چیت ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ جو لوگ منحرف ہونے پرنااہل ہوئے ان کے امیدواروں کو ہی حکومتی سپورٹ ملنے کا امکان ہے۔