لاہور(عامر بٹ سے )لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی 204 یونین کونسلوں میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔ 70یونین کونسلیں تاحال انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم ہیں۔یونین کونسلوں کی نادرا تک براہ راست رسائی یقینی بنا دی گئی۔محکمہ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ نے اس حوالے سے رپورٹ صوبائی حکومت کو فراہم کردی۔پیدائش و اموات کمپیوٹرائزڈ سرٹیفکیٹ میں غلطیوں،ڈیٹا ضائع ہونے کی شکایات اور نادرا پر ڈیٹا میں تاخیر کے واقعات کے باعث اب یونین کونسلوں کو براہ راست انٹرنیٹ کے ذریعے نادرا تک رسائی دی گئی ہے اور اس حوالے سے خصوصی کوڈ فراہم کیا گیا ہے۔قبل ازیں یونین کونسلوں کے سیکرٹریز سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے بعد ڈیٹا نادرا آفس سے کمپیوٹرائزڈ کرواتے تھے لیکن اب کمپیوٹرائزڈ پیدائش و اموات سرٹیفکیٹ یونین کونسلوں میں ہی نادرا پر بھی فوری اندراج ہو سکے گا۔محکمہ بلدیات پنجاب کے مطابق یونین کونسلوں میں انٹرنیٹ کی سہولت کے باعث ڈیٹا ضائع ہونے کی شکایات ختم ہو جائیں گی۔باقی یونین کونسلوں میں بھی فوری انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔اس سلسلے میں یونین کونسلوں کے سیکرٹریز کو پہلے ہی تربیت دی جا چکی ہے۔یونین کونسلوں میں انٹرنیٹ کے لئے ایک نجی کمپنی کے علاوہ پی ٹی سی ایل سے معاہدہ کیا گیا ہے جس سے یونین کونسلوں کے عملے کو انٹرنیٹ کی معیاری سہولت ملے گی اور وہ پیدائش،اموت سمیت مختلف سرٹیفکیٹس کو فوری طور پر رجسٹرڈ کر سکیں گے۔